لاہور (نمائندہ جسارت/ صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا‘ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے گورنر ہائوس میں منعقد ایک پروقار تقریب میں حمزہ شہباز شریف سے وزارت اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد حمزہ شہباز پنجاب کے 21 ویں وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔ نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہمارے لیے چیلنجز بہت زیادہ ہیں‘ چاہتے ہیں لوگوں کو ریلیف فراہم کریں۔ تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ ہمارے پاس وقت تھوڑا ہے اور چیلنجز بہت زیادہ ہیں‘ گزشتہ حکومت نے صحت اور تعلیم سمیت کئی چیلنجز چھوڑے ہیں‘ امن و امان کی صورتحال کا بھی مسئلہ ہے‘ ہمیں تمام چیلنجز کو پورا کرنا ہے‘ یہ صرف (ن) لیگ کی حکومت نہیں ہے‘ اس میں اتحادی جماعتیں بھی شامل ہیں، یہ سیاسی جماعتوں کا اتحاد ہے، جس وجہ سے سب کو مل کر فیصلہ لینا ہوتا ہے ۔ حلف برداری کی تقریب میں 700 سے زاید مہمانوں نے شرکت کی جبکہ مریم نواز، اسد کھوکھر گروپ، جہانگیر ترین گروپ اور علیم خان گروپ کے اراکین پنجاب اسمبلی کے علاوہ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ، وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر پانی و بجلی خرم دستگیر اور دیگر ایم این ایز ودیگر نے شرکت کی۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد حمزہ شہباز شریف گورنر ہائوس سے سیدھے ایوان وزیراعلیٰ گئے جہاں انہوں نے باقاعدہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے48 سال کی عمر میں وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھال لیا‘ بتایا گیا ہے کہ حمزہ شہباز شریف سب سے کم عمر وزیراعلیٰ ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے گورنر ہائوس میں جیسے ہی وزارت اعلیٰ کے منصب کا حلف اٹھایا تو گورنر ہائوس کی فضا شہباز شریف زندہ باد، نواز شریف زندہ باد اور مریم نواز زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔ علاوہ ازیں گورنر ہائوس لاہور میں پنجاب کے نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر گورنر ہائوس کے ارد گرد کرفیو کا سما ںتھا‘ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے بالخصوص الحمرا ہال سے لے کر ایوان وزیراعلیٰ چوک تک بیرئیر اور رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک کو بند رکھا‘ یہاں تک کہ پیدل چل کر جانے کی بھی اجازت نہ تھی۔