پشاور، عید آمد ، میئر کی ٹرانسپورٹ کرایہ ناموں پر عملدرآمد کی ہدایت

201

پشاور(این این آئی) میئر پشاور حاجی زبیر علی نے آر ٹی اے حکام کو عید الفطر کے موقع پرپبلک ٹرانسپورٹ میں سرکاری کرایہ نامہ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز کیپیٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور دفتر میں ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا بریفنگ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری آر ٹی اے طارق حسن اور آفس اسسٹنٹ زبیر حسین نے شرکت کی ۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری آر ٹی اے طارق حسن نے میئر پشاور حاجی زبیر علی کو ادارے کے دائرہ اختیار ‘ کام ‘ روٹ پرمٹ‘ اسٹینڈز لائسنس ‘ گڈز فارورڈنگ ایجنسیز کو لائسنس اجرا‘ ڈرائیونگ ٹیسٹ ‘ کرایہ نامے جاری کرنے سمیت اس پر عملدرآمد یقینی بنانے ‘ غیر قانونی اور بغیر پرمٹ گاڑیوں کو چلانے والوں کے خلاف کارروائیوں ‘ کورونا کی صورتحال میں کارروائیوں اور ادارے کے درپیش مسائل خصوصاً مجسٹریل پاور کے نہ ہونے اور گاڑیوں و اسٹاف کی کمی کے بارے میں آگاہ کیا ۔ میئر پشاور حاجی زبیر علی نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ کیپیٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ پشاور کی جانب سے ادارہ ہٰذا کے مسائل حل کیے جائیں گے جبکہ انہیں با اختیار بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ میں مسافروں سے مقررہ کرائے وصول کیے جائیں اس سلسلے میں ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کے حکام عید الفطر کے موقع پر اڈوں کے دورے کریں اور باقاعدہ شہریوں سے کرایوں بارے آگاہی حاصل کریں جبکہ مقررہ کرائے نامہ سے تجاوز کرنے پر پبلک ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی اے حکام اڈہ جات میں شہریوں کو درپیش مسائل حل کریں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی باقاعدہ انسپکشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے اور غیر معیاری سی این جی سلنڈرز کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جائیں تاکہ یہ غیر معیاری سلنڈرز کسی بڑے حادثے کا سبب نہ بن سکیں ‘ تاکہ مسافروں اپنے پیاروں کے پاس سہولت کے ساتھ پہنچ سکے۔