عید سے قبل تنخواہیں ادا نہ کرنا نجی اسکول مالکان کی نااہلی ہے،سید مردان شاہ

198

بدین (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے کہا ہے کہ ضلع بدین کے محکمہ جات کو عید سے قبل تنخواہیں جاری نہ کرنا عید جیسے خوشیاں چھننے کی سازش ہے فوری طور پر تنخواہیں ادا کرکے عید کی خوشیوں میں شامل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گولارچی میں دعوت کی تقریب اور آرمی شوگر ملز کے قریب دینی تعلیمی ادارے جامعہ اسلامیہ بدین میں ختم القرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بدین کے نجی تعلیمی اداروں میں عید الفطر سے قبل تنخواہیں ادا نہیں کی گئی حالانکہ نجی اداروں میں بچوں کے والدین سے بھاری فیسیں وصول کی جاتی ہیں فیس کی عدم ادائیگی کا جواز بناکر والدین پر دباؤ ڈالا جارہا ہے جو اساتذہ سے تعلیمی دشمنی کا ثبوت ہے۔ عید سے قبل تنخواہیں ادا نہ کرنا نجی اسکول مالکان کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے ڈائریکٹر آل پرائیویٹ اسکولز حیدرآباد ریجن سے مطالبہ کیا ہے ضلع بدین کے مختلف نجی اسکول کے مالکان کو عیدالفطر سے قبل تنخواہیں ادا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔ انہوں نے این سی ایچ ڈی کے فیڈرل ٹیچرز،محکمہ کورونا وائرس پروگرام کے ویکسینیٹرز، ڈیٹا انٹری آپریٹرز،محکمہ پبلک ہیلتھ کے فلٹر پلانٹ کے ملازمین سمیت دیگر محکمہ جات میں کام کرنے والے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے فوری طور پر تنخواہیں ادا کرکے ملازمین کو فاقہ کشی والی زندگی بسر کرنے سے بچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بدین کے افسران اور منتخب نمائندے کیوں خاموش بیٹھے ہیں؟