عمران خان کی کال پر لانگ مارچ میں شریک ہونگے،شیخ رشید

207

اسلام آباد (خبر ایجنسیاں) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے مطالبہ کیا ہے کہ مجرم کابینہ قبول نہیں، 31 مئی سے پہلے الیکشن کی تاریخ کا اعلان کیا جائے، موجودہ کابینہ میں آدھے وزیر مجرم ہیں، ایسی جمہوریت کو تسلیم نہیں کرتے، عوام چوروں سے تنگ آچکی، ان کو دیکھ کر لوگوں میں نفرت بڑھ جاتی ہے۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سے بھی سیاسی غلطیاں ہوئی ہیں، ایسی جمہوریت کو لوگ تسلیم نہیں کرتے، کابینہ میں زیادہ تر وزیر مجرم ہیں، میں ڈیڑھ سال پہلے کہتا تھا ن میں سے ش نکلے گی کوئی مانتا نہیں تھا، اس ملک میں شہبازشریف کی حکومت کو تسلیم کرنے کیلیے کوئی بھی تیار نہیں ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کی کال پر اس ملک میں انقلاب آ سکتا ہے، قوم کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ الیکشن کرائے جائیں، عوامی مسلم لیگ عمران خان کی کال پر لانگ مارچ میں شریک ہو گی، کوئی تحریک انصاف پر بین نہیں لگا سکتا، عوام ان چوروں سے تنگ آ گئی ہے، عمران خان نے ساری دنیا کو مقصود چپڑاسی یاد کروا دیا ہے، ان چوروں کو دیکھنے سے لوگوں میں نفرت بڑھ جاتی ہے، مطالبہ ہے کہ31 مئی سے پہلے انتخابات کی تاریخ دی جائے۔