کراچی (اسٹاف رپورٹر) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے جامعہ کراچی میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں جان کھونے والے چینی اساتذہ اور جاں بحق ڈرائیور کے اہل خانہ سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں واقعہ قابل مذمت ہے وہیں یہ ہمارے مقتدر طبقوں کے لیے لمحہ فکر بھی ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ ایک پڑھے لکھے گھرانے کی اعلیٰ تعلیم یافتہ خاتون جس کے 2 معصوم بچے بھی ہیں، وہ کیونکر اس انتہائی اقدام پر آمادہ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ پاک چین دوستی اور سی پیک پر حملہ ہے، حملے میں ملوث تمام عناصر کو بے نقاب کر کے قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کی محرومیوں سے دشمن عناصر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ حکومت کو بلوچستان کے مسائل حل کرنے اور وہاں کے وسائل مقامی آبادی کی حالت زار بہتر بنانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کا یہ واقعہ سیکورٹی ایجنسیز اور صوبائی حکومت کے کردار پر بھی سوالیہ نشان ہے کہ اس افسوسناک واقعے سے قبل اس کی آگاہی اور روک تھام کے اقدامات کیونکر ممکن نہیں بنائے گئے، ناکامی کے ذمے داران کو بھی کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔