نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہاہے، مریم اورنگزیب

425
 اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب پریس کانفرنس کررہی ہیں

اسلام آباد (صباح نیوز ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہاہے، نیکٹا کا اجلاس فوری بلایا جائے گا۔ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، واقعہ بہت افسوسناک ہے، چینی شہریوں کی سیکورٹی کا از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے، چینی باشندوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ چینی سفارتخانے کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تفتیش جلد مکمل کرکے آگاہ کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے حوالے سے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا وزیر داخلہ رانا ثنااللہ ملک کے تمام صوبوں کا دورہ کریں گے اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا تھا جس کے باعث ملک میں امن برقرار ہوا تھا، نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہاہے، نیکٹا کا اجلاس فوری بلایا جائے گا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کو لوڈشیڈنگ اور پیٹرول کی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں جاری لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لیا ہے اور بہت جلد ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کردیا جائے گا۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ ملک میں ڈیزل کی قلت نہیں ہے جبکہ اس کی ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے بھی صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے اور وزیر اعظم نے صورتحال کا نوٹس لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان فارن فنڈنگ کا حساب دینے کے بجائے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دے رہے ہیں، چیف الیکشن کمشنر سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں، الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں، کیوں کرائیں الیکشن، الیکشن وقت پر ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان، وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی اور عوامی خدمت سے خوفزدہ ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اس اتحادی حکومت کے اقدامات کے باعث عوام کو ریلیف ملے گا تو لوگ ان کی شکل بھی بھول جائیں گے۔وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی کے چیئرمین کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کردی ہیں جبکہ عاصم احمد کو چیئرمین ایف بی آر مقرر کردیا گیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ سرکاری افسران و ملازمین کو ہراساں کرنے کے لیے جوسروسز رولز بنائے جارہے تھے ان پر نظر ثانی کے لیے وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ، شیری رحمن اور خواجہ سعد رفیق پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے یہ کمیٹی سروسز رولز کا جائزہ لے کر کابینہ کو رپورٹ دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف احتجاج کرے گی تو حکومت ان کو سیکورٹی دے گی احتجاج ان کا جمہوری حق ہے۔