ایمسٹرڈیم (جسارت نیوز)دورہ یورپ کے دوران ہالینڈ نے دوسرے ہاکی میچ میں پاکستان کو 4-1گولز سے شکست دے دی، پاکستان کی جانب سے واحد گول عبدالمنان نے کیا، گرین شرٹس نے پہلے میچ میں ہالینڈ کے خلاف 3-5 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق دورہ یورپ کے دوسرے میچ میں میزبان ٹیم ہالینڈ نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے ہرا دیا، کھیل کے آغاز میں عبدالمنان نے شارٹ کارنر پر گول کر کے پاکستان کو برتری دلا دی تاہم ہالینڈ نے پہلے ہاف کے اختتام سے قبل ہی گول کر کے میچ برابر کردیا، اگلے تینوں کوارٹرز میں ڈچ کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور مزید تین گول کرکے میچ جیت لیا، پاکستانی ٹیم مزید کوئی گول سکور نہ کر سکی، واضح رہے کہ پہلے میچ میں پاکستان نے ہالینڈ کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی تھی، دورہ یورپ میں پاکستانی ٹیم اپنا تیسرا میچ 29 اپریل کو بیلجیئم کے خلاف کھیلے گی۔