سکھر (نمائندہ جسارت) بلدیاتی انتخابات میں ابھی سے ہی دھاندلیوں کی منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے، الیکشن کمیشن سکھر کا عملہ صرف پیپلزپارٹی اور ان کے ورکرز ہی کام کرنے میں مصروف ہیں جبکہ آزاد حیثیت سے اور دیگر جماعتوں سے حصہ لینے والے امیدواروں کو درست معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہے، الیکشن کمیشن کا عملہ پیپلزپارٹی کی کمداری کو چھوڑ کر ہر آنے والے اُمیدوار کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے درست معلومات فراہم کریں بصورت دیگر اس کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔ یہ بات سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے سینئر وائس چیئرمین غلام مصطفی پھلپوٹو نے جاری کردہ ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات حصہ لینے والے امیدوار الیکشن میں حصہ لینے کی معلومات حاصل کرنے جب الیکشن کمشنر کے دفتر سے رجوع کر رہے ہیں تو انہیں کوئی بھی معلومات فراہم نہیں کی جا رہی ہے الیکشن کمیشن کا پورا عملہ صرف اور صرف پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی سپورٹ اور انہیں ہی معلومات فراہم کرنے میں مصروف ہیں الیکشن کمیشن سکھر کی جانب سے آزاد حیثیت اور دیگر جماعتوں سے حصہ لینے والے امیدواروں کا راستہ روکنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جسے کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابات میں حصہ لینے ہر اُمیدوار کا جمہوری حق ہے شفاف انتخابات کیلیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن سکھر کا عملہ پیپلزپارٹی کی کمداری کو چھوڑ کر غیر جانبداری کا مظاہرہ کرے اور ہر امیدوار کو برابری کی نظر سے دیکھتے ہوئے مکمل تعاون اور درست معلومات فراہم کریں۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سندھ اور پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سکھر میں الیکشن کمیشن عملے کی جانب سے اپنے فرائض کی ادائیگی کے بجائے پیپلزپارٹی کی کمداری کرنے کا نوٹس لے کر پابند بنایا جائے کہ وہ مکمل طور پر غیر جانبدار رہ کر شفاف انتخابات کے انعقاد پر توجہ دیں، بصورت دیگر ہم اس کے خلاف بھرپور احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے جس کی ذمہ داری الیکشن کمیشن پر ہوگی۔