منی لانڈرنگ شہباز شریف اور حمزہ کی عبوری ضمانت میں پھر توسیع

191

لاہور (نمائندہ جسارت) منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اورحمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 14 مئی تک توسیع کردی گئی۔لاہورکی اسپیشل سینٹرل نے اگلی تاریخ کو دلائل اور فرد جرم سے مشروط کردیا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ حاضری معافی کی درخواست ایسے کب تک چلے گی۔شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت سے استدعا کی کہ وزیراعظم کی مصروفیات کے باعث کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کی جائے۔ یقین دہانی کراتے ہیں کہ شہبازشریف خود عدالت میں پیش ہوں گے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ایف آئی اے کو لمبی تاریخ دینے سے متعلق کوئی اعتراض ہے جس پرایف آئی اے نے جواب دیا کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے، قانون کے مطابق دیکھ لیں۔ ایف آئی اے کے تفتیشی افسرندیم اخترکا کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کیس کی تحقیقات کرنے والے تفتیشی افسر کا تبادلہ ہوگیا ہے۔ مجھے کل رات ہی کیس ملا ہے ابھی جائزہ لینا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور کی احتساب عدالت نے متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین آصف ہاشمی کو سرمایہ کاری ریفرنس میں بری کردیا ہے۔ عدالت کے فیصلے کے مطابق اس کیس میں آصف ہاشمی سمیت دیگر 10 ملزمان کو بھی بری کردیا گیا ہے۔ مزید برآں احتساب عدالت لاہورنے پیراگون ہائوسنگ اسکینڈل پر سماعت کرتے ہوئے مزید سماعت 18 مئی تک کے لیے ملتوی کردی۔ گزشتہ روز سماعت کے موقع پر نیب کے 2گواہان نے اپنے بیان قلمبند کرائے جبکہ خواجہ سعد رفیق کے وکیل نے عدالت میں ان کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے قبول کرلیا۔ واضح رہے کہ عدالت کے فیصلے کے بعد آصف ہاشمی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب سابقہ حکمرانوں کا غلام ہے جس کے کہنے پر نیب جیسا ادارہ حکمرانوں کے مخالفین کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بناتا رہا ہے۔