ـ31مئی سے قبل انتخابات سے متعلق اچھی خبر ملے گی‘ شیخ رشید

86

راولپنڈی ( آن لائن) سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ میرے پاس خبر ہے، 31 مئی سے پہلے پہلے الیکشن کی اچھی خبریں ملیں گی، بڑی عید کے قریب قریب الیکشن ہو جائیں گے، 15 سے 20 دن میں الیکشن کا راستہ نکلے گا چاہے یہ جتنی کابینہ بنالیں، الیکشن ملکی مفاد میں ہے۔اپنے ایک انٹرویومیں شیخ رشید نے کہا کہ یہ ہمیں کہتے تھے، ہم انہیں کہتے ہیں کہ آپ سلیکٹڈ بھی ہو اور امپورٹڈ بھی ہو، یہ ہمیں کہتے تھے الیکشن کرائیں، ہم کہتے تھے الیکشن وقت پر ہوں گے، آج ہم انہیں کہتے ہیں کہ الیکشن کرائیں یہ کہتے ہیں وقت پر کرائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ میرے پاس خبر ہے جس کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ الیکشن ہو جائیں گے،انہوں نے کہا کہ گر ہم نہیں تو یہ بھی نہیں ، کچھ لوگ راستے میں رکاوٹ ہیں جنہیں سمجھانے میں تھوڑا وقت لگ جائے گا، عمران خان کو یہ ہی کہا کہ حکومت سے اس لیے نہیں اتارا گیا کہ دوبارہ لایا جائے۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان نے جس دن اسلام آباد کی کال دی اندازہ لگالیں کیا ہوسکتا ہے، آج بھی دوستوں سے کہا ہے کہ کال سے پہلے معاملہ سیٹ کرلیں، موجودہ امپورٹڈ حکمران بھاگ جائیں گے ملک میں نہیں رکیں گے، آدھی سے زیادہ کابینہ ضمانت پر ہے‘ لندن سے بیٹھ کر 14 مرتبہ گالیاں دی گئیں، گالیاں دینے والے آ سکتے ہیں تو عمران خان بھی آسکتا ہے، عمران خان کی کال سے پہلے معاملات حل کرنے میں فائدہ ہے، عمران خان نے کال دے دی تو پھر دما دم مست قلندر ہوگا۔