شہباز شریف کو سعودی ولی عہد نے دعوت دی ہے‘طاہر اشرفی

217

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے تعلقات لازوال، ایمان اور عقیدے کی بنیاد پر ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی ولی عہد نے دعوت دی ہے، وفد ماضی کے وفود سے مختصر ہے، دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات میں مضبوطی اور عملی طورپر معیشت، تجارت، لیبر، دفاعی امور کے حوالے سے اقدامات پر حکمت عملی طے ہوگی، عرب اسلامی ممالک کی خواہش ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف ان ممالک کا دورہ کریں، پاکستان کے داخلی حالات عرب ممالک کے ساتھ تعلقات پر اثرانداز نہیں ہوتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت ساری تبدیلیاں واقع ہو رہی ہیں لیکن پاکستان اور عرب اسلامی دنیا کے تعلقات میں مزید استحکام آئے گااور بالخصوص پاکستان سعودی عرب کے تعلقات میں مزید بہتری اور عملی اقدامات سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم سعودی ولی عہد امیر محمد بن سلمان کے علاوہ حرمین شریفین اور اہم سعودی عرب کی سیاسی وسماجی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دین، وطن اور ملک کی سلامتی کے اداروں اور افواج پاکستان ملک و ملت کی اساس ہیں، پاک فوج کے حوالے سے نوجوان نسل کو گمراہ کرنے والے اغیار کا کھیل کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں غلطیاں سب سے ہوئی ہیں، تمام سیاسی و مذہبی قیادت کو چاہیے کہ معیشت، تجارت، معاشرت، بہبود آبادی، عدم برداشت، رواداری کے فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی جیسے مسائل پر میثاق پاکستان کریں،ہم چاہتے ہیں کہ تحریک انصاف پارلیمان میں واپس آئے۔انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اپنے دین، وطن اور امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کے لیے خدمات سر انجام دیتے رہیں گے۔