زرداری عالمی اسٹیبلشمنٹ گٹھ جوڑ سے تحریک عدم اعتماد لائے‘ حافظ حسین

137

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)جمعیت علمااسلام پاکستان کے سینئر رہنما ،سابق سینیٹر و رکن قومی اسمبلی حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنے طے شدہ فیصلوں سے بیک آؤٹ کرگئی، عالمی اسٹیبلشمنٹ کے گٹھ جوڑ کے بعد زرداری نے تحریک عدم اعتماد لانے کا اپنا انفرادی فیصلہ پی ڈی ایم سے منوایا، فوری انتخابات کا مطالبہ کرنے والی پی ڈی ایم اب امپورٹڈ حکومت کو مزید چلانے کی بات کررہی ہے، امریکا اپنا تمام حساب برابر کرکے چھوڑے گا ،بھیک کی صورت میں امداد دے کر اڈے لے گا اور افغانستان پر حملے کرے گا۔ بدھ کے روز کراچی میں جمعیت علمااسلام پاکستان کے سینئر رہنمااور دیگر سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم اپنے تمام طے شدہ اور اصولی طورپرکیے گئے فیصلوں سے بیک آئوٹ کرگئی ، زرداری نے عالمی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ گٹھ جوڑ کے بعد تحریک عدم اعتماد لانے کا اپنا انفرادی فیصلہ کر کے پی ڈی ایم سے اس پر انگوٹھا لگوا کر سب پر اپنے بھاری ہونے کا ثبوت دیا۔ جس اسمبلی کو پی ڈی ایم ناجائز قرار دے چکی تھی ،عوام جاننا چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کا پی ڈی ایم میں نہ ہوتے ہوئے کیوں کر اور کس کے کہنے پر بلاول اینڈ زرداری امپورٹڈ تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کیا گیا، اب اسی ناجائز قومی اسمبلی میں نہ صرف مدت پوری کرنے بلکہ مزید 6 ماہ تک اس ’’امپورٹڈ‘‘ گورنمنٹ کو چلانے کا پلان ہے کیونکہ اب امریکا اپنا تمام حساب برابر کرکے چھوڑے گا بھیک کی صورت امداد بھی دے گا پاکستان سے اڈے بھی لے گا اور یہاں سے افغانستان پر حملے بھی کرے گا۔ اس طرح پاکستان اور افغانستان دوبارہ سے دشمنی پر اترسکتے ہیں اور دونوں طرف مسلمانوں کا ہی خون بہے گا ، امریکا پھرپتلی گلی سے نکل جائے گا ،یہ گیم بہت ہی خطرناک ہے اللہ ہم سب کو اس سے محفوظ رکھے۔