بلاول بھٹو نے وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھالیا

245

اسلام آباد( آن لائن+صباح نیوز ) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وزیر خارجہ کے عہدے کا حلف اٹھالیا۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کی حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جہاں صدر مملکت عارف علوی نے بلاول زرداری سے حلف لیا۔تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، سابق صدر آصف زرداری، راجا پرویز اشرف اور پی پی قیادت سمیت دیگر حکومتی اراکین نے بھی شرکت کی جبکہ اس موقع پر بلاول زرداری کی بہن آصفہ زرداری بھی موجود تھیں۔تقریب حلف برداری کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے بلاول سے مصافحہ کیا اور انہیں مبارکباد دی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلاول سے گلے مل کر انہیں مبارکباد دی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے محض 33برس کی عمر میں پاکستان کے 37ویں وزیرخارجہ کا حلف اٹھا لیا اور ملک کے سب سے کم عمر ترین وزیر خارجہ ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کرلیا۔ پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو بھی اس عہدے پر 3 مرتبہ براجمان رہ چکے ہیں اور کئی کارہائے نمایاں انجام دے چکے ہیں۔اب جب نئی حکومت میں بلاول زرداری نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھایا اس کے ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں دوسرے بھٹو کی بطور وزیرخارجہ بننے کی تاریخ رقم کردی۔