وزیر اعظم وفد کے ساتھ سعودی عرب کا دورہ ذاتی خرچ پر کررہے ہیں، مریم اورنگزیب

329

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ اپنے ذاتی خرچ پر کر رہے ہیں جبکہ ان کے ساتھ دورے پر جانے والے دیگر تمام افراد بھی اپنے ذاتی اخراجات پر جارہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے ساتھ کوئی صحافی بھی سرکاری خرچ پر سعودی عرب نہیں جا رہا، وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی سماعت کے خلاف الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی کی سابق حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جنہوں نے حکومت غنڈہ گردی سے کی ہو، جنہوں نے دھرنوں کے دوران پولیس اہلکاروں کے سر پھاڑے ہوں، سول نافرمانی کے اعلان کیے ہوں، پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا ہو، ان سے امید تھی آج وہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کا حساب دیں گے۔ 8 سال سے الیکشن کمیشن کی جانب سے پوچھے جانے والے بیرون ملک سے ملنے والے چندے سے متعلق سوال کا جواب دیں گے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج یہ اپنی کرپشن کا حساب دینے کے بجائے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دے رہے ہیں کہ الیکشن کرائیں، واضح کردوں کہ الیکشن اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، الیکشن تب ہوں گے جب الیکشن کمیشن تیار ہوگا، جب پاکستان کے عوام چاہیں گے۔پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تمہاری انا، تمہارا فساد، دھونس، دھمکی، گالی اور غنڈہ گردی پاکستان میں الیکشن نہیں کرائے گی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات الیکشن کمیشن نے کرانے ہیں، انہوں نے رٹ لگائی ہوئی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دیں، وہ کیوں استعفیٰ دیں کیونکہ تمہاری کرپشن کا حساب مانگ رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج کٹہرے میں پی ٹی آئی کھڑی ہے، اس کو اپنی کرپشن کا حساب دینا ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ دور میں آئی ایم ایف کے حکم پر مہنگائی کی گئی، ملک تاریخی قرضوں میں ڈوبا ہوا ہے، ڈالر 115 سے 190 روپے کا ہوگیا، اس وقت آئی ایم ایف کی کڑی شرائط اور ملک میں لوڈشیڈنگ عمران خان کی وجہ سے ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 2 ہفتوں کے اندر ہم نے 27 بند پاور پلانٹس میں سے 20 پلانٹس چلا دیے ہیں، آج صرف 7 پلانٹس بند ہیں اور بہت جلد ملک میں زیرو لوڈشیڈنگ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ جس رفتار سے وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے وزرا کام کر رہے ہیں کچھ وقت بعد عمران خان کی شکل بھی کسی کو یاد نہیں رہے گی۔پی ٹی آئی نے آئین پر حملہ کیا، عمران خان کا پھیلایا ہوا گند صاف کر رہے ہیں، ان کے کچھ ترجمان تو بیرون ملک فرار ہوچکے، جو رہ گئے ہیں وہ بھی چلے جائیں گے۔