عمران خان فارن فنڈنگ سے متعلق الیکشن کمیشن میں سوالوں کے جواب دیں،مریم اورنگزیب

225

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کے سوالوں کے جواب دیں ۔

انہوں نے فواد چوہدری کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ جو سوال پوچھے اس کو گالی اور دھمکی؟، عمران چاہتے ہیں سب ان کے جھوٹ کی بیعت کرلیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وہ مرضی کے سوال اور اپنی مرضی کے جواب چاہتے ہیں،عمران خان مرضی کا میچ، ایمپائر اور کھلاڑی چاہتے ہیں، ان کی مرضی سے آئوٹ اور ناٹ آئوٹ دیا جائے ،عمران صاحب مرضی کا جج، مرضی کا وکیل، مرضی کا فیصلہ چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آئین کو مانتے ہیں نہ قانون کو، خود کو ہی آئین و قانون سمجھتے ہیں،خود کو ہی عدالت، جج اور پولیس سمجھتے ہیں،عدالت سوال پوچھے تو اس کی توہین کرو، الزام لگاو، پھر سازش کہو ۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا سوال پوچھے تو چینل، پروگرام اور کالم بند کرو، مقدمات اور کالے قانون بنائو، جیلوں میں ڈالو، پسلیاں توڑو،سیاسی مخالفین سوال اٹھائیں تو انہیں سزائے موت کی چکیوں میں ڈالو، گھر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرو۔

انہوں نے کہا کہ ہر ادارے، ہر اختیار کو سیاسی مخالفین سے سیاسی انتقام کے لئے استعمال کرو، پھر ریاست مدینہ کے ترانے پڑھو، 4سال ہر کوشش کے باوجود کسی ایک سیاسی مخالف کے خلاف ایک الزام ثابت نہ کر سکو، ایک ثبوت نہ دے سکو، لیکن جھوٹ پہ جھوٹ بولتے رہو،ایسے شخص کو ذہنی مریض کہتے ہیں جس کی جگہ پاگل خانہ ہوتا ہے۔