سکھر(نمائندہ جسارت ) اسلامی جمعیت طلبہ سکھر کی جانب سے سکھر بھر کے طالب علموں کے لیے افطار و ڈنر کا اہتمام مومل بینکوئٹ میں کیا گیا،جس میں سکھر آئی بی اے سمیت سکھر کے تمام بڑے تعلیمی اداروں کے طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی معتمد عام اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حافظ اسد علی قریشی تھے ، جبکہ سابق ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان، امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ ،ناظم صوبہ سندھ جمعیت انجینئر نعمان بیگ، معتمد صوبہ سندھ جمعیت سعد احسن قاضی، ناظم کالجز صہیب شیخ ، ناظم علاقہ سکھر شعیب لاشاری ،ناظم علاقہ روہڑی فائق قریشی سمیت دیگر ذمے داران نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان اسد علی قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی بنیاد لاالہ الااللہ ہی ہے قرآن و سنت ہی ہماری پہچان ہے ہمارے مسائل کا حل قرآن وسنت ہی میں ہے، اسلامی جمعیت طلبہ قرآن و سنت کی روشنی میں طلبہ کی تعمیر سیرت اور کردار سازی کر رہی ہے، جمعیت اپنے کارکنان کی ذہنی جسمانی نشوونما کے ساتھ ساتھ مستقبل کے معمار طلبہ برادری کو ایک اچھا شہری بناتی ہے تاکہ وہ اسلامی پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلیے اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں، سابق ناظم اعلیٰ جمعیت زبیر حفیظ شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیت کا نصب العین اللہ اور اس کے رسول کے بتائے ہوئے اصولوں کے مطابق انسانی زندگی کی تعمیر کے ذریعے رضائے الٰہی کا حصول ہے، اپنے قیام کے بعد سے اب تک جمعیت اسی مقصد کیلیے کوشاں ہے۔ قبل ازیں درس قرآن دیا گیا، جبکہ مہمانوں کو سندھ کی ثقافت اجرک کے تحائف دیے گئے۔