لاہور (نمائندہ جسارت) سانحہ سیالکوٹ سے متعلق 6 مجرمان کی سزائے موت دینے کی توثیق کے لیے عدالتِ عالیہ کو مرڈر ریفرنس موصول ہوگیا۔ سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کوجلانے اور قتل کیس میں 6 مجرمان کو 2، 2مرتبہ سزائے موت سنانے کے معاملے پرانسداد دہشت گردی عدالت کا 6 مجرمان کو سزائے موت دینے کے فیصلے کی توثیق کے لیے مرڈر ریفرنس لاہور ہائیکورٹ کو موصول ہو گیا ہے۔ لاہورہائی کورٹ کا 2 رکنی بینچ مرڈر ریفرنس اور مجرمان کی اپیلوں میں وکلا کے دلائل سن کر فیصلہ سنائے گا۔عدالتِ عالیہ کا 2 رکنی بینچ مجرمان کی سزائے موت برقراررکھنے یا اسے عمر قید میں تبدیل کرنے یا بری کرنے کا حکم دے سکتا ہے۔ سزائے موت پانے والے مجرمان تیمور، عبدالرحمن، محمد ارشاد، علی حسنین کا مرڈر ریفرنس ہائیکورٹ کو موصول ہوا۔ سزائے موت کے قیدی ابو طلحہ اور محمد حمیر کا مرڈر ریفرنس بھی لاہور ہائی کورٹ کو موصول ہواہے۔مرڈر ریفرنس میں عدالتِ عالیہ سے استدعا کی گئی کہ مجرمان کی سزائے موت کے فیصلے کی توثیق کا حکم دے۔