سکھر (آئی این پی) وفاقی وزیر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو حکومت کی ضرورت نہیں تھی، مگر یہ سوچا کہ اگر عمران خان ایک سال اور رہا تو ملک کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دے گا، اس لیے ہم ملک کو بچانے کیلیے اس اقتدار تک آئے۔ سکھر ائرپورٹ پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن نے عمران خان کو اقتدار سے باہر کردیا، اب وہ باہر بیٹھ کر رو رہا ہے چیخیں مار رہا ہے، کہہ رہا ہے کہ باہر کی حکومت آگئی ہے، یہ باہر کی حکومت نہیں عوامی حکومت ہے ہم عوامی نمائندے ہیں، ہم عمران حکومت کے پاس گئے کہ آ ئو چارٹر آف معیشت کریں، ملک سے غربت ختم کریں، اکنامی بہتر کریں، بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ تھی، ڈالر، پیٹرول مہنگا تھا تب ہم گئے، ہم عوامی نمائندے ہیں اس لیے عوامی مسائل کے حل کیلیے وہاں گئے، لیکن سابقہ حکمرانوں کو تو اپوزیشن کی بات سننی ہی نہیں تھی۔ ہم نے جب بھی ملک و قوم کے خاطر سابقہ حکومت سے رابطہ کیا تو کہا کہ این آر او مانگ رہے ہیں، کبھی کہا گیا کہ نیب میں رعایت مانگ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران ملک کو تباہ کرنا چاہتے تھے، میں عوام سے کہہ رہا ہوں کہ سنبھلیں سابق حکمران اب بھی ملک کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔