اسلام آباد (اے پی پی)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایف بی آر کو غیر رجسٹرڈ چینی ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے ایف بی آر کو 60روز میں جامع عمل درآمد رپورٹ وفاقی ٹیکس محتسب میں جمع کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ایک بیان کے مطابق عارف علوی نے کہا کہ ٹیکس وصولی بڑھانے کے لیے چینی کے بڑے خریداروں اور غیر رجسٹرڈ ڈیلرز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، ایف بی آر کے پاس ڈیٹا کی دستیابی کے باوجود بھاری مقدار میں چینی کے خریدار ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں، چینی کے غیر رجسٹرڈ خریدار ٹیکس ادائیگی کی قومی ذمے داری ادا نہیں کررہے۔ صدر مملکت نے ایف بی آر کی وفاقی ٹیکس محتسب کی ہدایات کے خلاف درخواست مسترد کردی ۔صدر مملکت نے کہا کہ ایف بی آر کی فیلڈ فارمیشنز غیر رجسٹرڈ خریداروں کی معلومات اکٹھی کرنے میں چوکس نہیں، ڈیٹا کی جانچ نہیں کی جا رہی ۔ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی اپنے فرائض کی ادائیگی میں سنگین غفلت اور نااہلی بدانتظامی کے مترادف ہے،ٹیکس ادائیگی بڑھانے کے لیے محتسب کی سفارشات کو چینی کے شعبے پر لاگو کیا جائے ۔صدرمملکت نے ہدایت کی کہ ایف بی آر 60دنوں میں وفاقی ٹیکس محتسب کو عمل درآمد کی جامع رپورٹ پیش کرے ۔