اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب عوامی سطح پراسلامی بھائی چارے کے لازوال رشتے میں بندھے ہیں۔ پاکستانی اپنے سعودی بھائیوں کے ساتھ ان دیرینہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
وزیر اعظم کی زیرصدارت آنے والے سعودی عرب دورے کی تیاری کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو خاص طور پرروزگار، توانائی، فوڈ سیکورٹی اور طویل المدتی سٹریٹیجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے موثر سفارشات مرتب کریں۔وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے، جو دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دو طرفہ سٹریٹیجک تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں سنگ میل ثابت ہو گا۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وزیربرائےسمندر پار پاکستانی ساجد حسین طوری، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور اعلی متعلقہ حکام کی شرکت۔