بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں،میونسپل کمشنر سکھر

206

سکھر (نمائندہ جسارت)میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے کہا ہے کہ شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، ہم بہتری کی جانب گامزن ہیں، صفائی کی صورتحال میں کافی بہتری نظر آرہی ہے، نظام کو مزید بہتر سے بہتر بنانے کے لیے بلدیہ اعلیٰ سکھر کا عملہ دن رات مصروف عمل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 16، 17، 18 سمیت ائرپورٹ روڈ، امداد اعوان روڈ اور نادرا روڈ کے دوروں کے موقع پر علاقہ مکینوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے عملے کیساتھ موٹر سائیکل پر متعلقہ یوسیز کی ہر گلی و محلے کا وزٹ کیا اور صفائی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ مکینوں کی جانب سے بھی میونسپل کمشنر محمد علی شیخ کی کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ دورے کے موقع پر سی ایس آئی شہزور کھوسو، انچارج وہیکل عمران مانی، لالہ حیات، آغا جاوید، اویس چنہ سمیت متعلقہ یوسیز کے سینیٹری انسپکٹرز و عملہ بھی موجود تھا۔