لاہور/ اسلام آباد (آن لائن) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ملکی مفادات سے کھیل رہے ہیں‘وہ جس غیر ذمے داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں اس سے ان کے اپنے لیے واپسی کے دروازے بند نہیں ہو رہے بلکہ عمران خان کسی ملک دشمن کے ایجنڈے پر بھی چل رہے ہیں‘ عمران خان کی پالیسی ہے کہ پاکستان کو ہر دوست اور ہر اس طاقت سے لڑایا جائے جو پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ہے تاکہ پاکستان مزید تنہا ہو جائے ‘ملک میں انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں‘ آئینی اور سیاسی معاشی انارکی پھیلنا چاہتے ہیں‘ جو آئین شکن ہیں اور پاکستان کے آئین کے مجرم ہے ان کے خلاف آئین شکنی پر کارروائی ہو گی‘عمران خان نشے میں دھت ڈرائیور کی طرح اپنی سیاست کی گاڑی کبھی آئین سے، کبھی قومی اداروں سے اور کبھی پاکستان کے کلیدی مفادات سے ٹکرا رہے ہیں‘ پنجاب میں3 ہفتے سے بد ترین انتظامی بحران پیدا کیا ہوا ہے‘ آپ کا ’’رونا وائرس‘‘ لوگوں کو گمراہ نہیں کر سکتا‘ قوم نے 4 سال آپ کو بھگتا ہے ۔ پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے تحریک عدم اعتماد میں اپنی ناکامی دیکھ کر اس کو ایک بین الاقوامی سازش قرا ردیدیا‘ عمران ٹولے نے پوری دنیا کے سامنے پاکستان کو ایک تماشہ بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے سی پیک کا منصوبہ دیا عمران حکومت نے اس منصوبے کو تار تا رکر کے رکھ دیا‘ آج عمران نیازی کہتا ہے ‘میر اتحفہ میری مرضی ، وہ تحفے مملکت پاکستان کو ملے تھے‘ 22 کروڑ عوام کی امانت تھے‘ لیکن عمران خان نے قوم کی عزت کو بازار میں فروخت کر دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو کیوبا بنانا ہے اور نہ شمالی کوریا‘ قومی سلامتی کمیٹی نے2 مرتبہ کہا کہ مراسلے میں کوئی سازش نہیں‘ عمران خان نے جلسے میں یورپی یونین کو بھی للکارا‘ عمران خان نے خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات کا بھی ستیاناس کر دیا‘ عمران خان نے قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سے آئینی شکنی کرائی‘ اداروں کے خلاف زہر اگلنے پر آپ کو الیکشن کمیشن کا خوف آرہا ہے‘ آپ نے ممنوعہ ذرائع سے فنڈنگ حاصل کی ہوئی ہے اسی لیے چیف الیکشن کمشنر کو برا کہتے ہیں۔