بی آئی ایس پی سے بغیر تحقیق 8 لاکھ غریبوں کو نکالا گیا، شازیہ مری

703

اسلام آباد (صباح نیوز)و فاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا مقصد غریب ترین خواتین کو معاشی سپورٹ فراہم کرنا ہے افسوس کہ پروگرام میں سے لوگوں نکالنے کے لیے من مانے فلٹرز لگائے گئے جن کو بنیاد بنا کر 8 لاکھ سے زائد لوگوں کو پروگرام سے نکالا گیا۔ ان خیالات کا اظہار شازیہ عطا مری نے اتوار کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ گورنمنٹ ملازمین کے نکالے جانے پر کوئی ابہام نہیں لیکن ارجنٹ فیس پر سی این آئی سی پاسپورٹ بنوانا، غیر ملکی سفر، موبائل فون کا بل ایک ہزار روپے سے اوپر جیسے من مانے فلٹرز کے ذریعے بغیر تحقیق کے لوگ نکالے گئے۔ عمرہ کی ادائیگی، علاج کیلیے سفر، ضرورت کے تحت ارجنٹ شناختی کارڈ یا پاسپورٹ مستحق بھی بنوا سکتے ہیں۔ ادارے نے کوئی تحقیق نہیں کی جن لوگوں کے کارڈ من مانے فلٹرز کی بنا پر اور بغیر کسی تحقیق کے بلاک کر دیے گئے انہیں اپیل کا حق دینا ضروری ہے، لہٰذا اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کے ساتھ زیادتی ہوئی تو براہ مہربانی اپنا سی این آئی سی نمبر 8171 پر بھیج دیجیے۔ ادارہ آپ کی جائز شکایات پر ضرور غور کریگا۔