اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، سابق دور میں پیکا آرڈیننس اور پی ایم ڈی اے جیسے کالے قوانین سے 22کروڑ عوام کو غلام بنانے کی سازش کی گئی۔ یہ بات انہوں نے ہفتے کو سی پی این ای، اے پی این ایس، پی بی اے، پی ایف یو جے اور AEMENDکے نمائندوں پر مشتمل میڈیا جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ارکان کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں فیک نیوز کے خاتمے کے لیے قانون سازی پر اتفاق ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیمرا قانون میں مشاورت سے قانون سازی اور فیک نیوز کے خاتمے کے لیے شق شامل کی جائے گی۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ فیک نیوز سے قومی سلامتی کے مفادات، عوام کے اتحاد کو نقصان پہنچانے کا تدارک ہوگا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت آزادی اظہار کے تحفظ پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی،صحافت کی موت سیاست اور جمہوریت کی موت ہے، جمہوریت اور آئین کی پیداوار ہی اظہار رائے کی اہمیت اور قدر جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست، صحافت اور عوام پر 4 سال قیامت کے گزرے ہیں، چینل، کالم، پروگرام، زبان اور آنکھ بند کرکے قوم کی آزادی چھیننے کی کوشش کی گئی، پیکا آرڈیننس اور پی ایم ڈی اے جیسے کالے قوانین سے 22کروڑ عوام کو غلام بنانے کی سازش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں صحافی بے روزگار ہوئے، کئی جان سے گئے، تنخواہیں آدھی ہوگئیں، ان کے خاندان اور بچوں کی تکالیف سے آگاہ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم ملک کی معاشی تباہی کی بحالی کی کوشش کررہے ہیں، سابق حکومت نے ملک کو معاشی دیوالیہ کرنے کی سازش کی۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سازش میں صحافیوں پر سنگین الزامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ پی ایف یوجے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں، جھوٹوں کو گھر تک پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی سازش کے نام پر اداروں، عدلیہ، میڈیا پر کیچڑ اچھالنے والوں کو سپیس نہ دی جائے، جھوٹ پر مبنی انتشاری فسادی بیانیے کے تدارک میں میڈیا اپنا کردار ادا کرے۔ اس موقع پر وفد نے موجودہ جمہوری حکومت کی طرف سے سابق حکومت کے سیاہ قوانین کو کالعدم کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے منصب سنبھالتے ہی پی ایم ڈی اے کے کالے ضابطے کو کالعدم قرار دیا جس پر ان کے مشکور ہیں۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔