کراچی (اسٹاف رپورٹر) اصغر علی شاہ کرکٹ اسٹیڈیم کی برقی روشنیوں میں جاری ڈاکٹر ایم اے شاہ سلور جوبلی نائٹ کرکٹ ٹرافی کے پہلے روز کھیلے گئے میچوں میں ایشال فیلکن سی سی نے خیبر زلمی کو 126 رنز سے اور کینٹ ویریس نے ارحم سی سی کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔ کنینٹ ویریس کے محمد افضل اور ایشال فیلکن کے طارق نواز اور سدیش کی کارکردگی نمایاں رہی۔ پہلے میچ میں ایشال فیلکن نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 255 رنز اسکور کیے۔ طارق نواز نے سات چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 87 رنز بناے۔ حسین طلعت کے 53 رنز میں پانچ چھکے شامل تھے جبکہ عمر اکمل نے 21 اور قاسم اکرم نے 40 رنز اسکور کیے۔ محمد علی اور وحید خان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں خیبر زلمی 129 رنز بناسکی۔ زین انور 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سدیش نے چار رنز کے عوض 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔ دوسرے میچ میں ارحم سی سی 17.4 ,اوورز میں 115 رنز پر ڈھیر ہوگئے۔ سلیمان سلیم نے 41 رنز بناے. رحمان غنی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ کینٹ ویریس نے ہدف دو وکٹیں گنواکر 8.5 اوورز میں حاصل کرلیا۔ محمد افضل نے 70 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی جس میں 7 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔