لاہور (نمائندہ جسارت) ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان حکومت سنبھال سکا نہ اپنی پارٹی‘ تمہاراکھیل ختم ہوگیا‘ جس طرح سے عمران خا ن نے4 سال میں ملک کے ہر شعبہ میں تباہی مچائی‘ ملک کو ہر سطح پر نقصان پہنچایا جس ڈھٹائی سے آئین شکنی کی اور عدلیہ کے احکامات اور قانون کا مذاق بنایا،انہیں پائوں تلے روندا،اور اب جس طرح وہ فساد پھیلانے کی تیاری کر رہا ہے‘ ریاست کو اس سے ایک فتنہ کے طرح نمٹنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار مریم نواز نے ہفتے کو جاری اپنے بیان میں کیا۔ مریم نوا ز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خطرناک کھیل کھیلا‘ یہ شخص اپنی کرسی کی خاطر کسی حد تک بھی جا سکتا ہے‘ یہ کسی بھی رحم یا رعایت کا مستحق نہیں۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان پر حملہ آور ہونے کی وجہ غیر قانونی فنڈنگ کے ناقابل تردید شواہد ہیں‘ اداروں پر حملے اور گھیرائو جلائو کا سبق بھی جلد انتخابات کے لیے دبائو
بڑھانے کا حربہ ہے‘ کان کھول کے سن لو! تمہاری غنڈہ گردی اور دھمکیاں اب تمہاری اپنی تباہی کا باعث بنیں گی‘ یہ اپنی حکومت اور اپنی پارٹی کو نہ سنبھال سکا‘ تمہارا کھیل ہمیشہ کے لیے ختم ہوگیا۔