وفاق کی جانب سے دادو آتشزدگی کے متاثرین میں امدادی چیک تقسیم

546

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے احکامات پر پاکستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ضلعی انتظامیہ دادو کے تعاون سے تعلقہ میہڑ کے گاؤں فیض محمد چانڈیو میں آگ لگنے والے واقعے کے باعث متاثرہ لوگوں کیلیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر فوت ہونے والے شخص کے لواحقین کو 3لاکھ روپے اور زخمی ہونے والوں کو ایک ایک لاکھ روپے دیا گیا۔ اس موقع پر پی ڈی ایم اے کے رکن آپریشن بریگیڈئر وسیم الدین، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے احسن صدیقی اور ڈائریکٹر پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ نفیس احمد، ڈپٹی کمشنر دادو سمیع اللہ نثار شیخ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون غلام یاسین عباسی نے متاثر ین میں چیک تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھیجا گیا امدادی سامان پہلے ہی متاثروں کو فراہم کیا گیا ہے اور وزیر اعظم کی جانب سے ایک کروڑ روپے کی امداد کا اعلان بھی کیا گیا تھا، جس کے چیک متاثرہ لوگوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس امدادی رقم سے انسانی جانوں کا ازالہ تو نہیں کیا جا سکتا مگر وزیر اعظم کی اس کوشش سے متاثر ہونے والوں کی مشکلاتوں کو کسی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔