وزیر اعظم ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے،وزیر اعلیٰ سے ملاقات

301

کوئٹہ:وزیراعظم شہباز شریف کا ایک روزہ دورہ کوئٹہ ،وزیراعظم سے وزیر اعلی بلوچستان عبدالقدوس بازنجو نے ملاقات کی ، ملاقات کے دوران وزیراعلی نے وزیراعظم کو صوبے میں انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف کوئٹہ میں خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور سیکشن ٹو کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، کراچی، کوئٹہ، چمن شاہراہ کے حصے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کی تعمیرِ نو اور اسے دو رویہ کرنے سے بلوچستان کے اہم شہروں کے مابین آمدورفت میں آسانی ہوگی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کو وزیراعلی نے بلوچستان میں مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا، وزیراعظم نے رمضان المبارک میں اشیا ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں میں فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

وزیرِ اعظم بلوچستان کے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال بالخصوص رمضان خصوصی پیکیج پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔ وہ بلوچستان میں اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت میں فروخت اور اشیا کی فراہمی کے فقدان کی شکایت پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

وزیر مواصلات مولانا اسد محمود، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چیرمین بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل ان کے ہمراہ ہیں۔ وزیرِاعظم بلوچستان میں عوامی نمائندوں سے ملاقات بھی کریں گے۔