ـ120 دن سے زیادہ کسی کا نام ای سی ایل میں نہیں رہے گا،رانا ثناء اللہ

198

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے وزارت داخلہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کئی سال سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) ایک ایشو بن گیا تھا، کسی کوڈرانا ہوتا تھا تو قومی احتساب بیورو (نیب) کا نوٹس بھیج کر نام ای سی ایل پر ڈال دیاجاتاتھا۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ ای سی ایل میں اس وقت 4ہزار کے قریب لوگ ہیں، رولز کی منظوری کابینہ نے دے دی ہے، نئے قانون سے 3 ہزار لوگوں کو فائدہ ہوگا، ان کا نام ای سی ایل سے نکل جائے گا، 120دن سے زیادہ کسی کا نام ای سی ایل میں نہیں رہے گا۔راناثنا اللہ نے کہا کہ اگر حکومت 120 دن میں کوئی شہادت نہیں لاتی تو از خود نام ای سی ایل سے نکل جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ دہشت گردی میں ملوث لوگوں کواس قانون کے تحت فائدہ نہیں ملے گا، ملکی سلامتی کے خلاف لوگوں کو بھی اس سے فائدہ نہیں ہوگا، ای سی ایل میں اس وقت 4 ہزار 863 کے قریب لوگ ہیں ، جن کے نام عدالت نے ای سی ایل پر ڈالے ہیں وہ بھی مستفید نہیں ہوں گے۔رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ عمران خان نے جب وزیراعظم کا حلف لیا تو پہلا کام یہ کیاتھا کہ ہماری سکیورٹی واپس لے لی تھی لیکن ہم عمران خان کو وہی سکیورٹی دے رہے ہیں جو ان کے سکریٹری اعظم خان نے چاہی تھی۔دریں اثناء وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ’غلطی‘ ٹھیک ہوگئی اب ’غلطی‘ کے ذہنی علاج کی ضرورت ہے۔ٹوئٹر پربیان میں وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کوسرکاری خرچ پرعلاج کرانے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ غلطی ٹھیک ہوگئی اب غلطی کے ذہنی علاج کی ضرورت ہے۔وزیرداخلہ کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی کا ڈوپ ٹیسٹ کرانے کی ضرورت ہے۔خاص حالت میں خطاب کرنے والے کوعلاج کی ضرورت ہے کوئی انہیں اسپتال لے جائے سرکاری خرچ پرعلاج کرانے کوتیار ہیں۔ مجھ پرجو 20 کلو ڈالی تھی اسکا کچھ کوٹہ خود تو نہیں رکھ لیا۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ معیشت تباہ کرکے میر جعفر نیازی نے پاکستان کے خلاف سازش کی تھی۔ حکومت بدلتے ہی امپورٹڈ وزیراورمشیر واپس ایکپسورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت انتقام میں اندھے ہوگئی تھی اور انہوں نے نوازشریف اوراسحاق ڈار کے پاسپور ٹ کو غلط طور پر روکا ہوا تھا۔میڈیا سے گفتگو میں رانا ثنااللہ کا کہنا تھاکہ پاسپورٹ نوازشریف اور اسحاق ڈار کا حق ہے، ان کے پاسپورٹ پی ٹی آئی حکومت نے غلط طور پر روکا ہوا تھا۔ان کا کہنا تھاکہ یہ اپنے انتقام میں اندھے ہوگئے تھے، پاسپورٹ ہر پاکستانی کا حق ہے اس سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔