اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی طرز حکمرانی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن پاکستان کے عوام کا حق ہے، حکومت کی مدت پوری ہونے کے بعد عام انتخابات ہوں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات بھی جاری عمرانی سرکس میں ایک بار پھر وہی پرانی تقریر کی کیسٹ چلائی گئی، ان تقریروں میں فرق صرف یہ آتا ہے کہ کبھی کرپشن پر گالی دی جاتی ہے، کبھی ریاست مدینہ کے نام پر سیاست چمکانے کی کوشش کی جاتی ہے، کبھی امر بالمعروف کی گردان کی جاتی ہے، کبھی ایک جمہوری طریقے سے تحریک عدم اعتماد کو بیرونی سازش ثابت کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مخالفین پر کرپشن کے الزامات لگائے مگر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں کر سکے، ریاست مدینہ کے نعرے لگانے کے ساتھ ساتھ 2 کروڑ لوگوں کو غربت کی لکیر سے نیچے دھکیل دیا، 60 لاکھ لوگوں کو بے روزگار کیا، مہنگائی کی شرح کو 16 فیصد پر پہنچایا، آٹے کی قیمت کو 35 روپے سے 90 روپے تک پہنچایا، کارٹیلز اور مافیاز کی سرپرستی کرتے ہوئے چینی کی قیمت کو 52 روپے سے 120 روپے تک پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ آج یہ خودداری کی بات کرتے ہیں، انہوں نے ریاست مدینہ کا نعرہ لگا کر کشمیر فروشی کی، آج خودداری و خود مختاری کا دعویٰ کرنے والوں نے کشمیر کا سودا کیا، یہ وہی لوگ ہیں جو امریکا کے دورے سے واپس آئے تو کہا تھا کہ میں ورلڈ کپ جیت کر آیا ہوں، یہ وہی شخص ہے جو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی سیاسی مہم کا منیجر بنا ہوا تھا۔