نفرت اور انتشار کی سیاست کو خیر باد کہناپڑے گا،راجا پرویز اشرف

353

اسلام آباد (صباح نیوز)اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نفرت اور انتشار کی سیاست کو چھوڑ کر ملکی مسائل کو حل کرنے کی جانب بڑھنے کی ضرورت ہے، آئین پر عمل درآمد کرتے ہوئے وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہو گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے پارلیمنٹ ہاؤس کے سبزہ زار میں قائم یادگار جمہوریت پر حاضری دی اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے راجا پرویز اشرف کا کہنا تھاکہ آئین کی بالادستی ہی ہماری منزل مقصود ہے،آئین ریاست کے ہر شہری کو بنیادی حقوق جمہوریت اور سیکورٹی کی ضمانت دیتا ہے، آئین کے تقدس کو برقرار رکھنا ہم سب کی اولین ذمے داری ہے، انہوں نے کہاکہ جمہوری قوتوں کی ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، آئین کی بحالی کے لیے جمہوری قوتوں کو آمریت کے دوران بے پناہ مصائب کا سامنا کرنا پڑا،اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے قربانیاں دینے والے گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ان کا کہنا تھاکہ آئین پر عمل درآمد کرتے ہوئے وفاقی اکائیوں کو آئین میں دیے گئے اختیارات اور شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہو گا،موجودہ پارلیمنٹ چاروں صوبوں کے ساتھ مل کر ملک کو مسائل سے نکالنے کے لیے کوشاں ہے۔