اسلام آباد (صباح نیوز+آن لائن)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی مفاد سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا وقت کا اہم تقاضا ہے۔وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم شہباز شریف سے ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم کو مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیںوزیراعظم شہباز شریف آج بلوچستان کا ایک روزہ دورہ کریں گے ۔ وفاقی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے رہنما بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، قائم مقام گورنر وزیراعظم کا استقبال کریں گے ۔ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل بھی وزیراعظم کے ہمراہ بلوچستان جائیں گے ۔ وزیراعظم شہباز شریف کو صوبے میں سیکورٹی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ وزیراعظم صوبائی کابینہ کے ارکان سے ملاقات بھی کریں گے ۔