عمران خان نے کرسی کو کاروبار بنالیا تھا‘ مریم اورنگزیب

190

اسلا م آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان نے جتنا توشہ خانہ سے کمایا ، اتنا انہوں نے پوری زندگی میں نہیں کمایا تھا، وزیراعظم کی کرسی کو انہوں نے کاروبار بنالیا تھا، موصوف کاروبار کرتے رہے، عمران خان کو توشہ خانہ سے کمائے مال کا حساب دینا ہوگا، کہا جا رہا ہے کہ میرا تحفہ میری مرضی، تحفہ آپ کا نہیں، ریاست پاکستان کا تھا،عمران خان عنقریب ایک اور خط لہرانے والے ہیں، الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ کا فیصلہ 30روز میں آنے والا ہے، اس سے پہلے وہ خط لہرانا شروع کریں گے اور کہیں گے کہ میرے خلاف سازش ہو رہی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ معاشی دہشت گرد اپنے دور میں جو معاشی اشاریوں پر جعل سازی کرتے ہوئے وہی گردان آج صبح، دوپہر شام کر رہے ہیں، یہ جھوٹے ہیں اور ان کا مقصد جھوٹ بولنا ہے، جھوٹ کے علاوہ ان کی 4سالہ کارکردگی مہنگائی، قرض، بے روزگاری، خارجہ پالیسی، منصوبوں کی عدم تکمیل پر کام ہی شروع نہیں ہوا لیکن اب ان پر کام شروع کر رہے ہیں۔