اسلام آباد(اے پی پی)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے جس پر فوری کارروائی کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے سابق وزیراعظم کی سیکورٹی کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم میاںمحمد شہباز شریف نے عمران خان کو سیکورٹی تھریٹ کی اطلاع پر وزارت داخلہ کو فوری اور موثر اقدامات کرنے کی سخت ہدایت جاری کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ذاتی طور پر نگرانی کرنے اور احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔وزیراعظم کے احکامات پر وزارت داخلہ فوری طور پر حرکت میں آگئی ہے اور چاروں صوبوں کے علاوہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکرٹریز کو ہنگامی خط ارسال کیا گیا ہے جس میں عمران خان کے لیے سخت حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے آئی جی اور چیف کمشنر اسلام آباد کو بھی اس سلسلے میں ضروری ہدایت جاری کر دی ہیں۔ ہنگامی مراسلے میں وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں عمران خان جہاں بھی جائیں ان کی سخت سیکورٹی یقینی بنائی جائے۔وزارت داخلہ نے عمران خان کی بنی گالہ رہائشگاہ پر بم ناکارہ بنانے سمیت دیگر ضروری سیکورٹی اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزارت داخلہ نے انتباہ کیا ہے کہ عمران خان کے جلسے، جلوس اور عوامی سرگرمیوں کے دوران سیکورٹی سے متعلق کوئی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔