کراچی: تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کراچی آمد پر تاریخی استقبال کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز ڈاکٹرز فورم سندھ کے صدر ڈاکٹر عبدالرزاق شیخ، کراچی ڈویژن کے صدر ڈاکٹر عاشق حسین شاہ کا کہنا ہے کہ 24 اپریل کو کراچی ایئرپورٹ پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد کراچی پہنچنے پر تاریخ ساز استقبال کرکے یہ ثابت کردیں کہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں جمہوریت اور جمہوری قوتوں کو فتح کرنے والوں کا شہر ہے۔ 24 اپریل، ہفتے کو 9 بجے شب کراچی ایئرپورٹ سے بلاول بھٹو زرداری کو عوامی جلوس میں بلاول ہاؤس لے جایا جائے گا اور پی ڈی ایف نے استقبال کی تمام تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
ڈاکٹر عاشق حسین کا کہنا تھا کہ عوامی مارچ کے بعد عدم اعتماد کی تحریک کی کامیابی کی راہ ہموار ہوئی جو سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی پرامن سیاسی پالیسی کا نتیجہ ہے اس موقع پر ڈاکٹر بشریٰ میمن، ڈاکٹر شکیل انصاری، ڈاکٹر مسعود کھوسہ، ڈاکٹر سرور مورائی، ڈاکٹر ایوب بلوچ، ڈاکٹر مشتاق ملکانی ودیگر بھی شامل تھے۔