حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت اہم اجلاس سندھ سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حیدرآباد سکھر M6موٹروے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن محمد حنیف چنا، سیکرٹری امپلی مینٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن ریاض حسین سومرو شریک ہوئے جبکہ کمشنر حیدرآباد، کمشنر شہید بینظیر آباد اور کمشنر سکھر سمیت متعلقہ ڈپٹی کمشنر وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ سی پیک کے تحت 306 کلومیٹر حیدرآباد سکھر موٹروے بنایا جائے گا اور یہ 6 لین M6 موٹروے جامشورو، حیدرآباد، مٹیاری، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، خیرپور اور سکھر اضلاع سے گزرے گا۔ انہونے مزید کہا کہ جامشورو اور حیدرآباد کے درمیان دریائے سندھ پر M6 موٹروے پر پل بھی بنایا جائے گا۔ چیف سیکریٹری سندھ نے مزید کہا کہ یہ انتہائی اہم منصوبہ ہے اس پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی خاصی توجہ ہے۔ اجلاس میں حکام محکمہ آبپاشی نے بتایا کہ دریائے سندھ پر پل کے لئے ہائیڈرولک اسٹڈی کی جا رہی ہے بہت جلد این ایچ اے کو پل کے متعلق آگاہ کر دیا جائے گا۔