عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، ذخیرہ اندوزوںکو پکڑیں، پشاور ہائیکورٹ

319

پشاور (اے پی پی) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس قیصررشید نے رمضان میں مہنگائی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کو پکڑاجائے اور ان کا کاروبار بند کرائیں، دوران سماعت کمشنر پشاور، ڈپٹی کمشنر اور سیکرٹری فوڈ عدالت میں پیش ہوئے‘ کمشنر نے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا کہ عدالتی ہدایات پر کارروائی شروع کر دی گئی ہے8 یونٹس سیل جبکہ 778 اسٹوروں کو چیک کیا گیا‘ گراں فروشوں کے خلاف 102 ایف آئی آر درج کی گئیں، چیف جسٹس پشاورہائیکورٹ نے استفسارکیاکہ قیمتوں کو کیسے کم کیا جا سکتا ہے‘ کارروائیاں صرف ایک بار نہیں ہونی چاہییں عید قریب ہے عوام کو ریلیف ملنا چاہیے، اسمگلنگ روکیں اسی وجہ سے قیمتیں بڑھتی ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت آئندہ منگل تک ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ اچھی رپورٹ کے ساتھ آئیں۔ علاوہ ازیں پشاور ہائیکورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ عوام کے ٹیکس سے مکمل ہونیوالے منصوبوں کے اشتہارات ایم این ایزکے ناموں سے جاری ہونگے نہ ہی ان پر اراکین اسمبلی کے ناموں کی تختیاں لگیں گی۔ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ میں ایم پی اے بلاول آفریدی کی جانب سے حکومت کیخلاف دائر درخواست پر عدالت نے قرار دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا کوئی بھی فائدہ اراکین اسمبلی کو نہیں دیا جا سکتا ہے، اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل نے تسلیم کیاکہ یہ غلطی ہوئی ہے اور آئندہ احتیاط کی جائیگی، عدالت نے ایم پی اے بلاول کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے کیس نمٹادیا۔