حمزہ شہباز کی حلف کیلیے درخواست آج سماعت کیلیے مقرر

104

لاہور (نمائندہ جسارت) نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے حلف اٹھانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست اعتراض ختم ہونے کے بعد (آج)جمعرات کو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔ اعظم نذیر تارڑ اور عطا اللہ تارڑ کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں گورنر پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 16اپریل کو 197ووٹ لیکر قائد ایوان منتخب ہو چکا ہوں، قانون کے مطابق گورنر کو وزیر اعلیٰ کا حلف لینا تھا لیکن انکار کر دیا گیا۔ گورنر اپنی ذمے داریاں پوری نہ کر کے آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہو رہے ہیں، لاہور ہائیکورٹ گورنر پنجاب کو حلف لینے کے احکامات جاری کرے۔ لاہور ہائیکورٹ آفس کی جانب سے درخواست میں گورنر پنجاب کو فریق بنانے پر اعتراض لگایا گیا۔بعد ازاں حمزہ شہباز کی درخواست میں گورنر کے بجائے سیکرٹری ٹو گورنر کو فریق بنا دیا گیا جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ آفس نے درخواست پر اعتراض ختم کرتے ہوئے سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس امیر بھٹی (آج)جمعرات کو کیس کی سماعت کریں گے۔