الیکشن کمیشن متعصب اور جانبدار بن گیا ہے‘ اسد عمر

151

اسلام آباد(صباح نیوز)تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری اسد عمر نے کہا ہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن متعصب الیکشن کمیشن بن چکا ہے، عوام کو اعتماد نہیں کہ موجودہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کراسکتا ہے، ہم الیکشن کمیشن پر تنقید تو اپنے دور حکومت سے کررہے ہیں۔بدھ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ غریب آدمی بیس بیس سال انصاف کے لیے ایڑیاں رگڑتا ہے، طاقتور کے لیے رات کو عدالت کھل جاتی ہے۔اسد عمر نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت میں روز کوئی ایک اتحادی اٹھ کر کہتا ہے یہ مجھے منظور نہیں، یہ حکومت نہیں چل سکتی، ہم کہتے ہیں آئیں عوام میں چلتے ہیں۔ماضی میں چیف الیکشن کمشنر کی حمایت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ وڈیو ثبوت ہیں کہ ہم نے کوئی اپنا بندہ تعینات نہیں کیا تھا، عمران خان نہیں چاہتے تھے کہ کوئی اپنا بندہ چیف الیکشن کمشنر لگایا جائے،چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی بھی اسی سوچ سے کی گئی تھی، اب لیکن جو رویہ ہم دیکھ رہے ہیں اس سے واضح ہے کہ یہ غیر جانبدار الیکشن کمیشن نہیں، ہم کوئی پچھلے ہفتے سے نہیں، کئی ماہ سے الیکشن کمیشن کے رویے پر سوال اٹھاتے رہے ہیں۔