عارف علوی‘ حنا ربانی ‘ راجا پرویز اشرف سے امریکی رکن کانگریس کی ملاقات

72

اسلام آباد (اے پی پی+صباح نیوز+آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط خطے میں امن اور ترقی کو فروغ دیں گے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار امریکی رکن کانگریس الہان عمر سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے مابین باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے، دو طرفہ تبادلوں سے دونوں ممالک کے درمیان افہام و تفہیم میں بہتری آئے گی۔علاوہ ازیںوزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ دو طرفہ مراسم ہیں، پاکستان امریکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ حنا ربانی کھر امریکی کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر سے گفتگو کررہی تھیں۔ترجما ن دفتر خارجہ کے مطابق امریکی کانگریس کی مسلمان رکن الہان عمر نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ آمد پر حنا ربانی کھر نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔وزیر مملکت برائے خارجہ امور نے الہان عمر اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر انہوں نے کہاکہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دیرینہ دو طرفہ مراسم ہیں۔دوسری جانب اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے مابین خوشگوار اور دیرینہ تعلقات موجود ہیں،پارلیمانوں کے مابین روابط کے فروع سے پاک امریکا تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے ان سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ راجا پرویز اشرف نے کہا پاکستان اور امریکا کے مابین خوشگوار اور دیرینہ تعلقات موجود ہیں، پارلیمانوں کے مابین روابط کے فروع سے پاک امریکا تعلقات کو مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں تجارت، کاروبار اور سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔