مہنگائی پر قابو پانا پوری کابینہ کی اولین ترجیح ہے، مریم اورنگزیب

305

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانا پوری کابینہ کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ عوام کو فوری ریلیف دیا جائے، وفاقی اور صوبائی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹی بنادی دی گئی ہے، چار رکنی کابینہ کمیٹی ای سی ایل بنا دی گئی ہے۔ ای سی ایل پالیسی سے متعلق ردوبدل سمیت دیگر امور کمیٹی دیکھے گی،وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔

گزشتہ 4 سالہ مالی مشکلات کے اثرات ہر شخص کی زندگی پر مرتب ہوئے تاہم مہنگائی پر قابو پانا پوری کابینہ کی اولین ترجیح ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب سے وزیر اعظم شہباز شریف نے منصب سنبھالا ہے وہ دن رات اس کوشش میں لگے ہوئے کہ کس طرح پاکستان کی عوام کو مہنگائی سے بچایا جائے اور ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چار سال میں جو مہنگائی کی گئی اس کے اثرات نہ صرف پاکستان کی معیشت بلکہ ہر پاکستانی کی جیب پر پڑے، ان مسائل کا حل حکومت اور اتحادیوں کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس کا احوال بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وزیر خزانہ نے مہنگائی اور ملک کے معاشی حالات پر کابینہ کو بریفنگ دی، توانائی کے سیکٹر کے حوالے سے بھی کابینہ کو بریفنگ دی گئی،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں اور وزیر اعظم کی خواہش ہے کہ عوام کو فوری ریلیف دیا جائے۔ رمضان بازاروں سے متعلق مانیٹرنگ چیف سیکرٹری کر رہے ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں وزیر اعظم نے 10 کلو آٹے کا تھیلا 550 سے 400 کا کر دیا ہے جبکہ رمضان بازار اور یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی 70 روپے کی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹی بنادی دی گئی ہے اور وزیر اعظم کو ہر دوسرے روز اشیا کی قیمتوں پر بریفنگ دی جائے گی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ نے کمیٹی برائے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کی منظوری دے دی ہے اور چار رکنی کابینہ کمیٹی ای سی ایل بنا دی گئی ہے۔

کمیٹی میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، اسعد محمود اور نوید قمر شامل ہوں گے اور ای سی ایل پالیسی سے متعلق ردوبدل سمیت دیگر امور کمیٹی دیکھے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی ہے اور ای سی ایل کمیٹی ٹی او آرز کا جائزہ لے کر کابینہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔ کاغذ لہرا لہرا کر احتساب کے ذریعے عمران خان نے انتقام لیا۔ اسٹاپ لسٹ اور واچ لسٹ عمران خان کے حکم پر چلتی رہی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا 4 سال نیب کے خوف کی وجہ سے سرکاری افسران نے کام نہیں کیا اور جب کچھ نہیں ملا تو ایف آئی اے کو استعمال کیا گیا۔ رائے طاہر کو ڈی جی ایف آئی اے تعنیات کرنے کی منظوری دی ہے، اس موقع پروفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسمعیل نے کہا ہے کہ ہم نے پیٹرولیم مصنوعات پر اپریل کے مہینے میں 68 ارب روپے سبسڈی کی سمری منظور کی ہے، اوگرا نے آئندہ مہینے 96 ارب روپے کی سبسڈی کا تخمینہ لگایا ہے، یہ سبسڈی ہم برداشت نہیں کرسکتے، وزیر اعظم کو اس پر فیصلہ کرنا ہوگا۔