یونائٹیڈ بزنس گروپ کا چین کے ساتھ مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل کا خیر مقدم

148

کراچی(اسٹاف رپورٹر)یونائٹیڈ بزنس گروپ (یو بی جی)نے پاکستان سنگل ونڈو اور کسٹمز پیپلز ریپبلک آف چائنا کی طرف سے سنگل ونڈو تعاون اور انضمام پر مشترکہ ورکنگ گروپ (JWG) کی تشکیل کے مشترکہ فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جومجوزہ انضمام کے لیے دو طرفہ فریق کوآرڈینیشن میکانزم وضع کرے گا اور تکنیکی بات چیت میں سہولت فراہم کرے گا۔ یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اورصدرزبیرطفیل نے کہا ہے کہ ڈیٹا ایکسچینج میکانزم دونوں فریقوں کو دو طرفہ تجارت میں انڈر/اوور انوائسنگ اور انسداد تجارت پر مبنی منی لانڈرنگ کا پتہ لگانے میں مدد کرے گا۔یو بی جی رہنمائوںنے مزید کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے جو صنعتی اور اشیائے ضروریہ کی درآمد کے لیے سرفہرست ملک ہے اور امریکا اور یورپی یونین کے بعد تیسری سب سے بڑی برآمدی منزل ہے،اقتصادی سرگرمیاں اور سامان کی تیزی سے منظوری کے لیے دونوں سنگل ونڈوز کے درمیان انضمام کا دائرہ وسیع ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان میں خاص طور پر انفرااسٹرکچر اور توانائی کے شعبے میں بڑا سرمایہ کار ہے اور مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کے اعتماد میں اضافہ ہوگااورسی پیک کی تمام سرگرمیوں میں مدد گار ثابت ہوگا۔