دادو،آتشزدگی سے 6 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

219

دادو/ کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک+ اسٹاف رپورٹر) منگل کی شب ضلع دادو کی تحصیل میہڑ کے ایک گاؤں فیض محمد دریائی میں آتشزدگی کے واقعے میں 9افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔اچانک آگ بھڑکنے کے افسوسناک واقعے میں 3 بچے جاں بحق اور 12 سے زاید جھلس کر زخمی ہو ئے جبکہ 60 گھر جل کر مکمل خاکستر ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق 4 گھنٹے تک لگنے والی آگ نے 50 سے زاید مویشی سمیت گھریلو سامان بھی راکھ میں تبدیل کر دیا۔ لاشوں کو تعلقہ اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت مور، عبدالرشید، عالم، زمان، عبدالرسول، حسین، سویرہ اور تہمینہ کے نام سے ہوئی۔اس کے علاوہ مزید جانی نقصان کا بھی اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فرید آباد گوٹھ فیض محمدچانڈیو میں آتشزدگی کے واقعے کے نتیجے میں جانی نقصان اور مویشیوں کی ہلاکت پر انتہائی گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے۔ وزیراعلیٰ نے مکانات کیجل کر خاک ہونے اور دیگر مالی نقصانات پر بھی افسوس کا اظہار کرتے کہا کہ انہیں متاثرین کے حوالے سے پل پل خبر سے آگاہ کیا جائے اور آگ لگنے کی تحقیقات فوری مکمل کرکے انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔