عمران خان کی ڈوبتی حکومت کوزندہ کر دیا گیا ‘ جاوید ہاشمی

223

جہانیاں(آن لائن)بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں عدم اعتماد کے خلاف تھا عمران خان کی حکومت ڈوب رہی تھی اسے زندہ کر دیا گیا ،شہباز شریف ناجائز وزیر اعظم ہیںملک میں فوری انتخابات کرائے جائیں ،عمران خان کو ہٹائے جانے تک قوم ساتھ تھی اب وزیر اعظم اور کابینہ عوام کے لیے قابل قبول نہیں ہے،عمران خان کے اگلے دس پندرہ یوم میں مزید جھوٹ بے نقاب ہوں گے،انتخابات میں مسلم لیگ (ن) بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی،پنجاب اسمبلی واقعہ سے پرویز الٰہی کی سیاست کا خاتمہ ہوا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کا طرز حکومت کوئی قابل ستائش نہیں تھا لیکن میں اس کے خلاف عدم اعتماد تحریک پیش کیے جانے کے خلاف تھا ،عوام عمران خان کی حکومت سے تنگ تھے اس کی حکومت ڈوب رہی تھی لیکن عدم اعتماد پیش کرکے عمران خان کو دوبارہ زندہ کر دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کو ہٹائے جانے تک آپ کے ساتھ تھی لیکن وہ اب آپ کو اور کابینہ کو جائز وزیر اعظم کبھی تسلیم نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم کرتا ہوں انہوں نے عمران خان کے خلاف فیصلہ نہیں دیا بلکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ملک بچانے کے لیے قابل تحسین فیصلہ تھا۔