یوٹیلیٹی اسٹور کارپوریشن کی من مانیاں، چینی سمیت کئی اشیا کی مہنگے داموں فروخت

306

کراچی: یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے سیکرٹری صنعت و پیداوار کے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا، اسٹورز پر اب بھی چینی کی 94 روپے فی کلو فروخت جاری ہے۔ دستاویز کے مطابق چینی کے علاوہ دوسرے درجے کا سبسڈائزڈ گھی بھی 455 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا، جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹا کا 20 کلو تھیلا 1592 روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کی جانب سے سبسڈائزڈ آئٹمز کی مہنگے داموں فروخت کی رسیدیں بھی منظرعام پر آگئی ہیں ۔ذرائع نے بتایاکہ 14 اپریل 2022 کو سیکرٹری صنعت نے ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز کو چینی 85 روپے کلو فروخت کرنے کی ہدایت کی تھی۔

ذرائع نے بتایاکہ ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز سے چینی کی 94 روپے کلو فروخت پر وضاحت طلب کی گئی تھی، سیکرٹری صنعت کے ساتھ اجلاس کے دوران ایم ڈی یوٹیلیٹی اسٹورز سیکرٹری صنعت کو مطمئین نہیں کرسکے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ چینی کی 94 روپے فی کلو فروخت پر تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔