ریاستی اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، مریم اورنگزیب

295

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کا کہنا ہے کہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے، میڈیا ہائووسز، تنظیموں اور صحافی برادری کی بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے، پیکا آرڈیننس 2016ء   پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی،  ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے سوشل میڈیا کو فعال بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا،  ملکی ترقی اور حکومت کے اہم ترقیاتی منصوبوں کو فروغ دینے کیلئے وزارت اطلاعات کا کردار اہمیت کا حامل ہے، ڈرامہ، فلم انڈسٹری کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے،پی ٹی وی، اے پی پی سمیت وزارت کے تمام اہم اداروں پر اس وقت ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورتحال میں عوام کو درست معلومات کی فراہمی کیلئے بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وزارت اطلاعات کے عوام کو مستند معلومات اور خبروں کی فراہمی میں اہم کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ امید ہے وزارت اطلاعات کے تمام ادارے عوامی مفاد کے پیش نظر اپنے پیشہ ورانہ امور کو بہتر انداز میں انجام دیں گے، وزارت اطلاعات اور میڈیا اداروں کے درمیان روابط کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات، ایم ڈی پی ٹی وی، ایم ڈی اے پی پی سمیت وزارت کے دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔