شہباز شریف ناجائز وزیر اعظم ہیں، فوری انتخابات کروائے جائیں ،جاوید ہاشمی

602

لاہور: بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں عدم اعتماد کے خلاف تھا عمران خان کی حکومت ڈوب رہی تھی اسے زندہ کر دیا گیا ،شہباز شریف ناجائز وزیر اعظم ہیں ملک میں فوری انتخابات کروائے جائیں۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان کو ہٹائے جانے تک قوم ساتھ تھی اب وزیر اعظم اور کابینہ عوام کیلئے قابل قبول نہیں ہے،عمران خان کے اگلے دس پندرہ یوم میں مزید جھوٹ بے نقاب ہوں گے،انتخابات میں مسلم لیگ ن بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی واقعہ سے پرویز الٰہی کی سیاست کا خاتمہ ہوا،  میں عمران خان کا طرز حکومت کوئی قابل ستائش نہیں تھا لیکن میں اس کے خلاف عدم اعتماد تحریک پیش کیے جانے کے خلاف تھا ،عوام عمران خان کی حکومت سے تنگ تھے اس کی حکومت ڈوب رہی تھی لیکن عدم اعتماد پیش کرکے عمران خان کو دوبارہ زندہ کر دیا گیا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کو ہٹائے جانے تک آپ کے ساتھ تھی لیکن وہ اب آپ کو اور کابینہ کو جائز وزیر اعظم کبھی تسلیم نہیں کرے گی، میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم کرتا ہوں انہوں نے عمران خان کے خلاف فیصلہ نہیں دیا بلکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ملک بچانے کیلئے قابل تحسین فیصلہ تھا۔