کراچی: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ اٹھارویں آئینی ترمیم پاکستان کے جمہوریت پسند قوتوں کی عوام دوستی اور پاکستان پسندی کا مظہر ہے۔
بلاول زرداری نے کہاکہ اٹھارویں ترمیم کی منظوری تاریخ ساز کارنامہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم نے 1973ع کے متفقہ آئین کی روح کو بحال کیا ہے جس کے تحت صدر کو حاصل تمام ایگزیکٹو اختیارات پارلیمان کو دیے گئے اور صوبوں کو ان کا حق ملا اور خیبرپختونخواہ کو اس کی شناخت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد کوئی بھی آئین شکن اپنی مرضی کا نقاب نہیں لگا سکتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی عوام دستور کی پاسداری اور جمہوریت کا تسلسل چاہتے ہیں لیکن آئین کو کاغذوں کا پلندہ قرار دینے والی سوچ چاہتی ہے کہ پاکستان افراتفری کا شکار رہے تاکہ اس سوچ کے پیروکار چند افراد ختم نہ ہونے والی افراتفری و انتشار کے دوران اپنے مفادات سمیٹتے رہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی اٹھارویں ترمیم پر مکمل عملدرآمد کے لیئے سرگرم عمل ہے، حتمی فتح عوام ہی کی ہوگی۔