عمران خان کو غیر ملکی فنڈنگ کیس میں سزاہونے والی ہے،مریم اورنگزیب

189

لاہور(خبر ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں سزا ہونے والی ہے اس لیے وہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس لانا چاہتے ہیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے 4 سال سے عوام جھوٹ پر جھوٹ سنتے آرہے ہیں‘ وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص جھوٹ پر جھوٹ بولتا رہا‘ عمران خان اس لیے جھوٹ بولتے رہے کہ کوئی ان سے ان کی کارکردگی کا نہ پوچھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس لا رہے ہیں وہ اس لیے کہ ایک ماہ کے اندر فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ نہ ہوسکے لیکن یہ کچھ نہیں کرسکتے‘ اب فارن فنڈنگ کا فیصلہ30 روز میں آنے والا ہے‘ عمران خان کی چوری پکڑی گئی ہے انہوں نے16 اکاؤنٹس چھپائے جو کہ سامنے آچکے ہیں‘ عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس میں سزا ملے گی غیر قانونی فنڈنگ ہوئی ہے جس کے ثبوت آچکے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کینسر اسپتال کی چیریٹی پارٹی فنڈنگ میں دی گئی‘ سارے پیسے پی ٹی آئی کے پارٹی فنڈنگ میں آتے گئے‘ 70 لاکھ ڈالر فارن فنڈنگ کے ہیں جو ڈکلیئرڈ نہیں، اسد عمر نے پٹیشن دائر کی ہے کہ دستاویز پبلک نہ کی جائیں‘ اب عمران خان کا بیانیہ ہوگا کہ چیف الیکشن کمشنر نے میرے خلاف سازش کی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں عمران خان کے جرائم کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں‘ عمران خان قومی اداروں کے خلاف مہم بند کریں، پارٹی فنڈنگ کی مد میں 2 کروڑ روپے سے زاید رقم ذاتی اکائونٹس میں منتقل ہوئی۔