کراچی (اسٹاف رپورٹر) نامور عالم دین مولاناحافظ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ میں چیف آف آرمی اسٹاف، چیف جسٹس پاکستان اور سیاسی قیادت سے اپیل کرتا ہوں کہ ملکی مسائل کے حل، سیاسی انتشار کے خاتمے اور مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے تاکہ ملک کے استحکام اور ترقی کیلیے سب مل کر کام کرسکیں۔ پیر کو کراچی کے نجی ہوٹل میں تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہہم نے اتحاد امت کیلیے بہت قربانیاں دی ہیں، ہم علما اس ملک کی خاطر قاضی حسین احمد، مولانا شاہ احمد نورانی، مولانا فضل الرحمن، علامہ ساجد نقوی، ساجد علی میر ایک ہوکر بیٹھے، ملک میں پھیلی نفرتوں کا خاتمہ کیا، ملکی حالات پر ایک ایسی آل پارٹیز کانفرنس ہونی چاہیے۔ میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ ہمارے بڑے ہیں ان سب کو بلائیں، آل پارٹیز کانفرنس کروائیں۔ افطار پارٹی پر ہی بلالیں۔ قوم اس وقت انتشار کا شکار ہے۔ میں زرداری صاحب اور وزیراعظم پاکستان سے اپیل کرتا ہوں آپ بھی آگے بڑھیں مل کر سب کو ایک ساتھ بٹھائیں، نفرتوں کو ختم کریں قوم اور فوج نے ملکر دہشت گردی کو شکست دی ہے، یہ کسی کی بھول ہے پاک فوج کیلیے قوم کے اندر نفرت پیدا کریں گے۔ پاکستان کی فوج پاکستان ہی نہیں امت مسلمہ کی فوج ہے، اس ملک کو غیرجانبدارانہ احتساب کی ضرورت ہے، شفاف انتخابی نظام کی ضرورت ہے، ملک اور قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے، سب ایک ہو جائیں رمضان کے مہینے میں نفرتوں کو ختم کریں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ میری تجویز پر غور کیا جائے گا۔